توبہ قبول ہو (منظوم دعا)

یا رب میں گناہگار ہوں، توبہ قبول ہو
عصیاں پہ شرمسار ہوں، توبہ قبول ہو
جاں سوز و دل فگار ہوں، توبہ قبول ہو
سر تا پا انکسار ہوں، توبہ قبول ہو

توبہ قبول ہو، میری توبہ قبول ہو

گزری تمام عمر میری لہو لعب میں
نیکی نہیں ہے کوئی عمل کی کتاب میں
صالح عمل بھی کوئی نہیں ہے حساب میں
دستِ دعا بلند ہے تیری جناب میں

توبہ قبول ہو، میری توبہ قبول ہو

عیش و نشاط ہی میں گزاری ہے زندگی
ہر زاویئے سے اپنی سنواری ہے زندگی
میرا خیال یہ تھا کہ جاری ہے زندگی
لیکن یہ حال اب ہے کہ بھاری ہے زندگی

توبہ قبول ہو، میری توبہ قبول ہو

تیرے کرم کو، تیری عطا کو بھلا دیا
اعمال کی جزا و سزا کو بھلا دیا
طاقت ملی تو کرب و بلا کو بھلا دیا
ہر ناتواں کی آہِ رساں کو بھلا دیا

توبہ قبول ہو، میری توبہ قبول ہو

میں تو سمجھ رہا تھا کہ دولت ہے جس کے پاس
اس کو نہ کوئی خوف ہے، اس کو نہ کوئی ہراس
ہوگا نہ زندگی میں کسی وقت وہ اداس
لیکن یہ میری بھول تھی، اب میں ہوں محو یاس

توبہ قبول ہو، میری توبہ قبول ہو

میں ہوں گناہگار مگر، تو تو ہے کریم
میں ہو سیاہ کار مگر، تو تو ہے رحیم
میں ہوں فنا پذیر مگر، تو تو ہے قدیم
میں ادنیٰ و حقیر سہی، تو تو ہے عظیم

توبہ قبول ہو، میری توبہ قبول ہو

یا رب تیرے کرم، تیری رحمت کا واسطہ
یا رب تیری عطا، تیری نعمت کا واسطہ
یا رب تیرے جلال و جلالت کا واسطہ
یارب رسولِ حق کی رسالت کا واسطہ

توبہ قبول ہو، میری توبہ قبول ہو

میں اعتراف کرتا ہوں اپنے قصور کا
میں ہو گیا تھا ایسے گناہوں میں مبتلا
جن کی ہے آخرت میں کڑی سے کڑی سزا
لیکن مجھے تو تیرے کرم سے ہے آسرا

توبہ قبول ہو، میری توبہ قبول ہو

اب تیری بندگی میں بسر ہوگی زندگی
موڑوں گا منہ نہ تیری عبادت سے اب کبھی
اب اتباع کروں گا میں تیرے رسول ﷺ کی
تازندگی کروں گا شریعت کی پیروی

توبہ قبول ہو، میری توبہ قبول ہو

---

(اس دعا کے شاعر کا نام معلوم نہیں، اگر آپ کو علم ہو تو تبصرے میں ضرور بتایئے)

آپ یہ صفحات بھی دیکھنا پسند کریں گے ۔ ۔ ۔

6 تبصرے

  1. Muhammad Zubair Mirza نے کہا:

    جزاک اللہ

    اس تبصرے کا جواب دیںجواب
  2. جزاک اللہ - ثناء خوان محمودالحسن اشرفی ہیں - اللہ تعالٰی اس ماہِ مبارک کو ہم سب کے لیے رحمتوں اورتوبہ کی قبولیت کا وسیلہ بنائے - آج کے دن میں کوئی بات ہے ابتداء محمودغزنوی بھائی نے فیس بُک پرکی پھر فہدبھائی نے ایک نعت پوسٹ کی ، مجھے حسن ہمدانی کی دعائیہ نعت سننے کو ملی اور اب یہ آپ کی شئیر کی ہوئی دعا- جیتے رہو اللہ تعالٰی آپ کی عمرمیں اور علم میں رحمتیں اوربرکتیں شامل فرمائے-

    اس تبصرے کا جواب دیںجواب
  3. محمد اسد نے کہا:

    @محمد زبیرمرزا: بہت شکریہ زبیر بھائی۔ ثنا خواں کا نام شامل کیے دیتا ہوں۔

    اس تبصرے کا جواب دیںجواب
  4. سعد نے کہا:

    آمین.

    اس تبصرے کا جواب دیںجواب
  5. سیما آفتاب نے کہا:

    جزاک اللہ

    اس تبصرے کا جواب دیںجواب
  6. محمد سلیمان خان نے کہا:

    ماشاہ اللہ دل کو چولنے والی اوازہیں.

    اس تبصرے کا جواب دیںجواب

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے